ممبئی،24دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سابق مرکزی وزیر گرداس کامت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ممبئی میں منصوبوں کے وسیع پروپیگنڈے کاآغازآج انتخابی سازش قرار دیا۔کانگریس جنرل سکریٹری کامت نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ مودی کی طرف سے منصوبوں کا آغاز انتخابی عمل ہے لیکن ممبئی اور یہاں کے لوگوں کے لئے پارٹی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی امید کرتی ہے۔اگلے سال کے آغاز میں ممبئی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں کامت کا بیان خاصہ اہمیت رکھتاہے۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ میری کوششوں کے بدولت ہی سابق ریلوے وزیر ممتا بنرجی نے 15ڈبے والی ٹرینوں کی شروعات، ہاربر لائن میں توسیع سی ایس ٹی سے گورگاؤں تک اور تین مضافاتی اسٹیشنوں اندھیری، جوگیشوری اور گوریگازی کوجدیدکاری کی تجاویز کو اپنی منظوری دی تھی۔بیان کے مطابق کامت نے کہا کہ رام مندر روڈ ریلوے اسٹیشن بھی ان کی کوششوں کا نتیجہ تھا، جس کا افتتاح حال ہی میں ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے کیا۔